Thursday, March 28, 2024

کھوکھر برادران نے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا ، محکمہ اینٹی کرپشن کی رپورٹ

کھوکھر برادران نے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا ، محکمہ اینٹی کرپشن کی رپورٹ
February 4, 2019
لاہور ( 92 نیوز)  محکمہ اینٹی کرپشن نے  سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں کھوکھر برادران سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کر دی ۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کھوکھر برادران کے زمین پر قبضوں کیخلاف از خود نوٹس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی بنائی اعلیٰ سطح کی کمیٹی سے پراگرس رپورٹ طلب کرلی ۔ عدالت نےایل ڈی اے، کمشنر، ڈپٹی کمشنر،ایس ایم بی آر اور اینٹی کرپشن کو مارچ کے دوسرے ہفتے تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ، عدالت نے کمیٹی کو کھوکھر برادران کا مؤقف سننے کی ہدایت کی ہے ۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی رپورٹ کے مطابق کھوکھر برادران کی سرکاری افسروں سےملی بھگت سے زمینوں کی فردیں جاری کی گئیں ، آٹھ ہزارسات سو کنال میں سےچارسودو کنال اراضی غیرقانونی طور پر منتقل کی گئی ۔ اینٹی کرپشن کے مطابق کھوکھر برادران نے غیرقانونی طریقہ کار اختیارکرکے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا ، ڈی جی اینٹی کرپشن کاکہنا ہے کہ رپورٹ میں کھوکھر برادران قصور وارپائے گئے، پانچ مقدمات درج کر لئے گئے ہیں ۔ روزنامہ 92 نیوز میں شائع خبرکے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کی سربراہی میں آٹھ رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی کھوکھر برادران کے اراضی پر قبضوں اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کارروائی کیلئے گیارہ نکاتی سفارشات سامنے آگئی ہیں ۔ تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق جائیداد کی خریدوفروخت کے لئے ایک 167 رجسٹریاں منظورکروائی گئیں،کمیٹی نے ذمہ دار افسروں اورپٹواریوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔