Thursday, April 25, 2024

کھلاڑیوں کو دھمکیاں ملیں، نوعیت نہیں بتا سکتے، نیوزی لینڈ کرکٹ حکام کا نیا دعویٰ

کھلاڑیوں کو دھمکیاں ملیں، نوعیت نہیں بتا سکتے، نیوزی لینڈ کرکٹ حکام کا نیا دعویٰ
September 19, 2021 ویب ڈیسک

کرائسٹ چرچ (92 نیوز) نیوزی لینڈ کے کرکٹ حکام نے نیا دعویٰ کردیا، کہتے ہیں ان کے کھلاڑیوں کو دھمکیاں ملیں، تاہم یہ نہیں بتایا جاسکتا کہ دھمکیاں کس نے دیں اور ان کی نوعیت کیا تھی۔

کھیل کے میدان سے جڑی سازش آہستہ آہستہ بے نقاب ہونے لگی۔ نیوزی لینڈ کے کرکٹ حکام نے دھمکیاں ملنے کا دعویٰ کردیا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ہیتھ ملز کا کہنا ہے کھلاڑیوں کو دھمکیاں دی گئیں۔ دورے سے قبل چند کھلاڑیوں کو پیغامات موصول ہوئے۔ سوشل میڈیا سے موصول تھریٹ کو سکیورٹی اداروں نے قابل اعتبار نہ سمجھا۔

ہیتھ ملز نے دھمکیوں کی نوعیت بتانے سے انکار کردیا اور کہا اس پر بات نہیں کی جاسکتی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ پی سی بی کے انتظامات کے معترف رہے۔ ٹیم کو بحفاظت وطن واپسی پر پی سی بی کے مشکور بھی ہوئے۔ سکیورٹی تھریٹ کیا تھیں انہوں نے پی سی بی سمیت کسی کو بتانا گوارہ نہ کیا۔ سکیورٹی تھریٹ کی تفصیلات شیئر نہ کرنے پر اکتفا کر کے چلتے بنے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم یواے ای پہنچ چکی ہے جہاں وہ قرنطینہ کے بعد نیوزی لینڈ روانہ ہو گی۔

کرکٹ ماہرین اور شائقین دورہ نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے پر حیران بھی ہیں اور تھریٹ کے حوالے سے حقائق کے منتظر بھی ہیں۔