Friday, May 17, 2024

کھلاڑیوں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے ، جاوید میانداد

کھلاڑیوں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے ، جاوید میانداد
April 27, 2019
کراچی ( 92 نیوز ) کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلی  پر جاوید میانداد اپنے سابق کپتان پر برس پڑے  اور کہا کہ  وزیراعظم صاحب ، آج کھلاڑی بھوکے مررہے ہیں ، کیا وہ ڈاکے ماریں یا چوریاں کریں ، آپ نے خود پیسوں کیلئے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی ، آج اسپورٹس نان پروفیشنل لوگوں کو تھما دیا گیا ، کھلاڑیوں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے ۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق لیجنڈری کرکٹر نے کہا کہ ڈپارٹمنٹ کرکٹ کی وجہ سے ہی ہم عالمی چیمپئن بنے، ڈپارٹمنٹ کرکٹ بہت ضروری ہے، عمران خان نے خود ڈپارٹمنٹ سے کرکٹ کھیلی، ہم پاگل  تھے جو اداروں کی جانب سے کرکٹ کھیلتے رہے۔ جاوید میانداد نے کہا کہ  عمران خان پوری دنیا سے پیسے مانگ رہے ہیں لیکن کوئی نہیں دے رہا، آبادی بڑھ گئی ہے ، ہردوسرا آدمی بھیک مانگ رہا ہے اس جانب توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو نوکریاں نہیں ملیں گی تو مسائل بڑھیں گے ، عمران خان کے آنے سے یقین تھا کہ کھلاڑیوں کو فائدہ لیکن ہمارے لڑکے بھوکے مررہے ہیں ۔ جاوید میانداد نے کہا کہ  ہمارے دور میں اداروں کیساتھ ریجنز کا ا نفرا اسٹرکچر بھی بہت بہتر تھا، تمام ادارے کھلاڑیوں کو نوکریاں دیں تاکہ ملک ترقی کرے، نوکریاں نہیں ملیں گی تو کھلاڑی چوری کرینگے اور ڈاکے ڈالیں گے۔