Friday, April 19, 2024

کھربوں خوردبرد !! 50 ارب کی کرپشن !!! ڈاکٹر عاصم حسین نے اعتراف جرم کر لیا

کھربوں خوردبرد !! 50 ارب کی کرپشن !!! ڈاکٹر عاصم حسین نے اعتراف جرم کر لیا
November 30, 2015
کراچی (92نیوز) ڈاکٹر عاصم پانچ سرکاری اداروں کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے رہے۔ پچاس ارب روپے کی کرپشن اور کھربوں روپے کی چار سو تیس ایکڑ اراضی اپنے نام منتقل کرائی۔ ضیاءالدین ٹرسٹ اسپتال کے نام پر اربوں روپے لوٹے۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے اعتراف جرم کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹرعاصم حسین نے عدالت میں جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ آج کراچی میں گلبرگ پولیس نے پی پی رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کو جوڈیشل مجسٹریٹ سینٹرل کی عدالت میں پیش کیا۔ ڈاکٹرعاصم نے عدالت میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ ایک سوچونسٹھ کے بیان میں جرم کا اعتراف کر لیا۔ چار روز قبل انہیں ریمانڈ پر گلبرگ پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔ دریں اثنا سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم سے ہونےوالی تین جے آئی ٹیز کی تفتیشی رپورٹ 92 نیوز کو موصول ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عاصم نے جے آئی ٹی ون میں وزارت پیٹرولیم کے ماتحت ادارے پی ایس او، او جی ڈی سی ایل، ایس ایس جی سی، ایس این جی پی ایل اور پی پی ایل میں 50 ارب کی کرپشن اور 430 ایکڑ اراضی اپنے نام کرانے کا اعتراف کر لیا۔ ڈاکٹر عاصم نے جے آئی ٹی ٹو میں ضیاءالدین ٹرسٹ اسپتال کو کمرشل بنیادوں پر چلانے، اسپتال کے نام پر کھربوں کی زمین اپنے نام کرانے اور کھربوں کی خوردبرد کا اعتراف بھی کیا۔ ڈاکٹر عاصم نے جے آئی ٹی تھری میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں کرپشن اور نجی کالجز کو پی ایم ڈی سی کے لائسنس فروخت کرنے کا اعتراف بھی کر لیا۔