Friday, March 29, 2024

کھانسی اور کھنکار کو معمولی نہ سمجھیں: طبی ماہرین

کھانسی اور کھنکار کو معمولی نہ سمجھیں: طبی ماہرین
December 29, 2015
لندن (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے محکمہ صحت نے سگریٹ نوشی کرنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پھیپھڑوں کی بیماری کے آثار کو کھانسی کہہ کر مسترد نہ کریں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بہت سے سگریٹ نوش پھیپھڑوں کو نقصان پہنچانے والی خطرناک بیماری سی او پی ڈی کے خطرات سے آگاہ نہیں ہیں۔ سی او پی ڈی ایک ایسی بیماری ہے جو سانس کی نالی کو تنگ کر دیتی ہے اور لوگوں کو زینے چڑھنے جیسے آسان کام کرنے میں بھی دشواری ہونے لگتی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق انگلینڈ میں دس لاکھ سے زیادہ افراد اس بیماری سے متاثر ہیں اور ہر دس میں سے نو افراد کو یہ بیماری سگریٹ نوشی کے سبب ہوتی ہے۔ اس بیماری کے عروج کے زمانے میں سانس لینے میں بے چینی، کھانسی کا دورہ اور باربار سینے میں انفیکشن ہوتا رہتا ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس بیماری کا کوئی علاج نہیں ہے لیکن سگریٹ نوشی ترک کرنے اور مخصوص ورزش کر کے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ماہرین صحت کا مزید کہنا ہے کہ سی او پی ڈی پھیپھڑے کی خطرناک بیماری ہے اور اس کے بارے میں زیادہ لوگ نہیں جانتے ہیں۔