Thursday, March 28, 2024

کھانا پکانا اب ہوا آسان، لیزر چولہا متعارف

کھانا پکانا اب ہوا آسان، لیزر چولہا متعارف
September 18, 2021 ویب ڈیسک

نیویارک (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کی مدد سے انسان کی زندگی میں آسانیوں کا سلسلہ جاری ہے، اور اب اس جدت کی بدولت کھانا پکانے کے لیے لیزر چولہا متعارف کرایا جارہا ہے جس سے نہ صرف کھانا یکساں درجہ حرارت پر پکتا ہے بلکہ ذائقہ برقرار رہتا ہے۔

اس حوالے سے سائنسدانوں نے تین مختلف اقسام کی لیزر سے مرغی کو پکایا ہے اس عمل میں گوشت کم سکڑتا ہے اور یکساں درجہ حرارت سے ذائقہ برقرار رہتا ہے۔

پہلی مرتبہ لیزر سے مزیدار کھانا پکانے کا کامیاب تجربہ کولمبیا یونیورسٹی اسکول آف انجینیئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنس کے ماہرین نے کیا۔ لیزر چولہا ظاہری شکل اور ذائقے کو آپ کے ذوق کے مطابق ڈھالتا ہے۔ اس عمل میں تھری ڈی پرنٹنگ بھی استعمال کی گئی۔

میکینکل انجینیئرنگ کے پروفیسر ہوڈ لپسن کی زیرنگرانی قائم ’ڈجیٹل فوڈ‘ منصوبے پر عرصہ دراز سے کام جاری رہے۔ اس کے لیے پہلے تھری ڈی پرنٹر سے گوشت کی ہموار تہیں لگائی گئیں، پھر 445 نینومیٹر کی نیلی لیزر، 980 نینو میٹر اور 10 مائیکرون کی انفراریڈ اور نیئر انفراریڈ لیزر آزمائی گئیں۔ اس طرح تین لیزروں سے مرغی کا گوشت پکانے سے گوشت 50 فیصد کم سکڑا اور اس کا ذائقہ بہت اچھا تھا۔