Monday, May 6, 2024

کچھ لوگ صوبائی خودمختاری کو ڈی ریل کرنے کی سوچ رہے ہیں :رضاربانی

کچھ لوگ صوبائی خودمختاری کو ڈی ریل کرنے کی سوچ رہے ہیں :رضاربانی
May 7, 2015
اسلام آباد(ویب ڈیسک)چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ صوبائی خود مختاری کوڈی ریل کرنےکوسوچ رہے ہیں وہ انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ وہ وفاق سے کھیل رہے ہیں اورایسی کوشش کےخطرناک نتائج سامنے آئینگے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے میڈیا کے اسقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگربلوچستان کو صوبائی خود مختاری نہ دی جاتی تو آج حالات مختلف ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں تمام صوبوں کی برابر کی نمائندگی ہے اور مضبوط مرکز کی یاترا کرتے کرتے ہم نے ملک کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اگر صوبائی خود مختاری کو رول بیک کرنے کی کوشش کی گئی تو خطرناک نتائج سامنے آئینگے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے متعلق تمام حقائق عوام کو دینگے اور اگر اب کوئی ایڈونچر ہوا تو عوام آئین کو بچانے کیلئے شاہراہ دستور پر دھرنا دینگے۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام کو پتہ چلے گا کہ پارلیمنٹ میں ان کے مسائل حل ہو رہے ہیں اور ان کے مسائل کو سنا جا رہا ہے توان کا پارلیمنٹ پر اعتماد بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ ہو یا مراعات کوئی چیز عوام سے مخفی نہیں رکھی جائے گی۔