Saturday, April 20, 2024

کچھ لوگ جھوٹ بولنے کا بھی ناغہ نہیں کرتے: وزیراعظم

کچھ لوگ جھوٹ بولنے کا بھی ناغہ نہیں کرتے: وزیراعظم
January 12, 2017

نارووال (92نیوز) ترقی کا راستہ مت روکو پاکستان کو آگے بڑھنے دو ۔ یہ کہنا ہے وزیراعظم نوازشریف کا جو نارروال میں قومی صحت پروگرام کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کہتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ کچھ سیاست دان جھوٹ بولتے ہیں اور بلاناغہ بولتے ہیں۔ ایسے ایسے الزامات لگائے جاتے ہیں جن کی کوئی بنیاد نہیں ہوتی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے نارووال میں ہیلتھ کارڈ اسکیم کا اجرا کر دیا۔ وزیراعظم میاں نوازشریف نے قومی صحت پروگرام کی تقریب سے خطاب میں نام لیے بغیر اپنے سیاسی مخالفین پر خوب لفظی گولہ باری کی اور کہا کہ وہ جانتے ہیں کچھ لوگ بلاناغہ جھوٹ بولتے ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا اب عوام بھی جھوٹ سن سن کر تنگ آ گئے ہیں۔ میاں نوازشریف نے سیاسی مخالفین کو للکارا اور کہا کہ ترقی کا راستہ مت روکو۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی کمر توڑ دی گئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ نارووال میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دیے جا رہے ہیں۔ غریب مریضوں کے پاس اسپتال جانے کے پیسے بھی نہیں ہوتے۔ غریب نہ جانے کس طرح گزارہ کرتے ہیں۔ لوگوں نے علاج کی خاطر اپنی جائیدادیں بیچ ڈالیں۔