Friday, March 29, 2024

کچھ شرارتی لوگوں نے کراچی میں نالوں میں پتھر ڈالے ، ناصر شاہ

کچھ شرارتی لوگوں نے کراچی میں نالوں میں پتھر ڈالے ، ناصر شاہ
July 29, 2020
 کراچی (92 نیوز) وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کچھ شرارتی لوگوں نے کراچی میں نالوں میں پتھر ڈالے جس سے نکاسی آب میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ پتھر ڈالنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ کراچی میں مون سون کی تباہ کاریوں کے بعد پریس کانفنرنسز کا اسپیل جاری ہے۔ کراچی کی صورتحال پر سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے ایک اور دھواں دھار پریس کانفرنس کی جس میں وفاقی حکومت نشانہ رہی ۔ سعید غنی بولے محمود نالے کے اطراف تجاوزات ہٹانے پر ایک وزیر رکاوٹ بنا ۔ یہ بھی کہا  وفاقی کابینہ میں شور کرکے دعوے کرنے والے سڑکوں پر نظر نہیں آئے۔ سعید غنی نے کہا وفاقی حکومت کے کچھ علاقوں میں کام کرنے سے زیادہ مسائل ہوئے ۔ پی ٹی آئی نے لوگوں کے مسائل حل نہیں کیے بلکہ پیدا کیے ہیں۔ دھیمے مزاج کے وزیر ناصر  شاہ  نے  بڑا دعویٰ  کرتے ہوئے کہا بارشوں کے سبب  صرف چند گھنٹوں کے لیے پانی کھڑا  ہوا ۔ یہ بھی کہا برسات کے دوران کچھ شرارتی لوگ رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں اور نالوں میں پتھر ڈالتے ہیں۔ کلک پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر زبیر چنہ نے بریفنگ دی اور کہا ماضی کے برعکس نالوں کی صفائی کا طریقہ کار بہتر اور شفاف بنایا گیا۔ کراچی کے نالوں میں دو کروڑ کیوبک فٹ سے زائد کچرہ ہے اور 78چوکنگ پوائنٹس ہیں جہاں مسائل ہوتے ہیں جبکہ گزشتہ تین روز میں اکتالیس لاکھ کیوبک فٹ کچرہ نالوں سے نکالا گیا۔