Friday, May 3, 2024

کپتان کے علاقے میں وزیراعظم کے چھکے! ترقیاتی منصوبوں کا اعلان، مخالفین کیلئے خصوصی ’’پیکیج‘‘

کپتان کے علاقے میں وزیراعظم کے چھکے! ترقیاتی منصوبوں کا اعلان، مخالفین کیلئے خصوصی ’’پیکیج‘‘
May 3, 2016
بنوں (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں بنوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھ دیا۔ ساتھ ہی سیاسی مخالفین کو سخت جواب دے کر سیاسی ماحول گرم کر دیا۔ مخالفین کو مخاطب کر کے کہا آپ کے کہنے پر گھر چلیں جائیں؟؟ یہ منہ اور مسور کی دال، گیڈر بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ وزیراعظم نے نیا خیبرپختونخوا بنانے کا بھی اعلان کر دیا۔ بنوں میں منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پرتقریب سے خطاب میں نوازشریف نے کہا کہ بنوں آنے کی بے حد خوشی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خطاب کے آغاز میں ہی جارحانہ رویہ اختیار کیا اور صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کر دیا، کہا انہیں نیا خیبر پختونخواہ کہیں نظر نہیں آیا لیکن مسلم لیگ نون کی حکومت یہاں بھی آئے گی اور نیا خیبرپختونخواہ بنائے گی۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب اور سندھ ان کے سہانے خوابوں میں نہیں پھنسے۔ خیبر والے پھنس گئے۔ حکومتی کارکردگی پر تنقید کرنے والوں پر بھی وزیراعظم خوب گرجے برسے۔ کہا گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ عوام نے ان لوگوں کو شکست دے دی ہے۔ آپ کے کہنے پر گھر چلے جائیں یہ منہ اور مسور کی دال۔ وزیراعظم نے دھرنے کی سیاست کو ملک کے لئے نقصان دہ قرار دیا اور کہا کہ مخالفین ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، ان کے عزائم کامیاب نہیں ہونگے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نوازشریف نے ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا اور یہ ہے ’’نیا پاکستان کے  نعرے‘‘ بھی لگوائے۔