Saturday, April 27, 2024

کپتان کی وطن واپسی پر سادگی ، کوئی سکیورٹی حصار نہ تھا

کپتان کی وطن واپسی پر سادگی ، کوئی سکیورٹی حصار نہ تھا
July 25, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) امریکا کے کامیاب دورے سے واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھی کپتان کی سادگی دیکھنے لائق تھی ، کوئی پروٹوکول تھا نہ ہی سکیورٹی حصار ۔ کھلاڑیوں کے کپتان کی وطن واپسی پر  والہانہ استقبال کیا گیا ،وزرا اور پارٹی رہنماؤں نے کپتان کو پھولوں کے ہارپہنائے، وزیراعظم عام لوگوں کی طرح لاؤنج سے باہرآئے، عمران خان کے استقبال کے لیے شہریوں اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ وزیر اعظم کے ائیرپورٹ سے باہر نکلنے پر نہ ہٹو بچو کی صدائیں آئیں نہ کوئی سکیورٹی حصار تھا ، اسلام آبادایئرپورٹ پر وزیراعظم کوعام شہریوں کی طرح  لاؤنج سے  باہر آتے دیکھ کر سب خوشگوار حیرت میں مبتلا  ہو گئے ، کپتان کی سادگی پر پوری قوم عش عش کراٹھی ، عام شہریوں نے ایسےویلکم کیا جیسے اپنے کسی بہت قریبی عزیز کولینے آئے ہوں۔ وزیراعظم لاؤنج میں داخل ہوئے تو جہانگیر ترین،وفاقی وزیرشفقت محمود، غلام سرور خان نے کامیاب دورے پر مبارکباد دی اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ فردوس عاشق اعوان، اعظم سواتی،مراد سعید،علی امین گنڈا پور،علیم خان، ،وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان،پرویز خٹک اور کئی مشیروں نےکپتان کا والہانہ استقبال کیا۔ وزیراعظم کےداخل ہوتے ہی ایئرپورٹ کا  لاؤنج نعروں سے گونج اٹھا، عام شہری بھی دلوں کے کپتان کو اپنے پاس  دیکھ کر پھولے نہ سمائے۔پارٹی کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑوں کے ساتھ استقبال کیا۔ ادھر معاون خصوصی برائےاطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ  عوام کا وزیراعظم  عمران خان کے استقبال کیلئے جوش وخروش اور جذبہ دیدنی تھا،آج پی ٹی آئی کا ووٹر اپنے انتخاب پر ناز کررہا ہےکہ اس نے دیانتدار قیادت کو چنا۔