Monday, September 16, 2024

اے پی سی میں وزیراعظم ن لیگ،اسپیکر پیپلزپارٹی اور ڈپٹی اسپیکر ایم ایم اے سے لانے کافیصلہ

اے پی سی میں وزیراعظم ن لیگ،اسپیکر پیپلزپارٹی اور ڈپٹی اسپیکر ایم ایم اے سے لانے کافیصلہ
August 2, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوئی ، اے پی سی میں مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم اورنگزیب ، خواجہ آصف ، احسن اقبال ، ایاز صادق جب کہ اے این پی کی جانب سے  اسفند یار ولی ، غلام احمد بلور میاں افتخار شریک ہوئے  ۔ مولانا فضل الرحمن، اکرم خان درانی  ، لیاقت بلوچ ،محمود اچکزئی اور میر حاصل بزنجو   بھی شریک ہوئے ۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں شرکت نہ کی البتہ ان کی جماعت کی نمائندگی یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ، فرحت اللہ بابر، شیری رحمٰن اور قمرزمان  کائرہ نے کی ۔ کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ جمہوریت کیلئے جدو جہد پرانی جماعتوں نے کی ، قومی اسمبلی میں ہم اسپیکر اور وزیراعظم کا انتخاب بھی لڑینگے ،   اسپیکر پیپلزپارٹی اور وزیراعظم ن لیگ ، ڈپٹی اسپیکر ایم ایم اے سے ہو گا۔ شیری رحمان نے کہا کہ احتجاج اور حکومت کا مقابلہ ایوانوں کے اندر اور باہر بھی ہو گا،  ہم مضبوط اپوزیشن کرینگے،  ہم کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ ایوانوں میں کرینگے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ہم اکٹھے ہو کر آئین اور جمہوریت کی حفاظت کرینگے، ایکشن کمیٹی کل تمام تفصیلات کو طے کریگی  ۔ احسن اقبال کا کہنا تھاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ  الیکشن کے ایک ہفتے بعد تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کو اتفاق رائے سے مسترد کر رہی ہیں۔