کپتان پروٹوکول سمیت قومی اسمبلی پہنچے،نوازشریف اڈیالہ سے احتساب عدالت منتقل کئے گئے
اسلام آباد ( 92 نیوز) بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے ، متوقع وزیر اعظم عمران خان بنی گالا سے پوری شان وشوکت سے قومی اسمبلی پہنچے جہاں کپتان کا والہانہ استقبال کیا گیا ، ہر کوئی ہاتھ ملانے کیلئے موجود تھا جبکہ دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے پوری سکیورٹی میں احتساب عدالت منتقل کیا گیا جہاں ان کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت 15اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
کرکٹ کے میدان سے پہچان پیدا کرنے والے عمران خان نے سیاست میں بہت سختیاں دیکھیں ، ایک سیٹ سے سیاست شروع کرنے والے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات 2018 میں سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کر کے اپنے لئے وزارت عظمی کی سیٹ بھی پکی کر لی ۔
عمران خان آج قومی اسمبلی کیلئے پوری شان و شوکت کے ساتھ بنی گالہ سے روانے ہوئے اور بطور رکن اسمبلی حلف بھی اٹھایا جب کہ دوسری جانب تین مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف کو سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت پہنچایا گیا جہاں ان کے خلاف نیب کے دائر کردہ ریفرنسز کی سماعت ہوئی ۔
قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد عمران خان واپس بنی گالہ پہنچ گئے جب کہ عدالت میں کارروائی ملتوی ہونے پر نواز شریف کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔