Sunday, September 8, 2024

کپتان شادیوں کی ہیٹ ٹرک کیلئے تیار‘ قرعہ پاکپتن کی خاتون کے نام نکلا

کپتان شادیوں کی ہیٹ ٹرک کیلئے تیار‘ قرعہ پاکپتن کی خاتون کے نام نکلا
July 12, 2016
لاہور (92نیوز) پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے تیسری شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ شادی کا قرعہ پاکپتن کی لڑکی کے نام نکلا ہے جبکہ ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے شادی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کپتان کے دل میں پھر شادی کے لڈو پھوٹنے لگے۔ تیسری بار ازدواجی زندگی کی اننگز کھیلنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع بتاتے ہیں عمران خان نے شادی کا فیصلہ ایک روحانی شخصیت کے مشورے پر کیا ہے جس نے کپتان کو مشورہ دیا ہے کہ جب تک وہ شادی نہیں کرتے وزیراعظم نہیں بن سکتے۔ تیسری شادی کا قرعہ پاکپتن کی لڑکی کے نام نکلا ہے۔ عمران خان کی ہونے والی بیوی چیف کلکٹر کسٹمز خاور مانیکا کی سالی ہیں۔ خاور مانیکا بشریٰ مانیکا عرف پنکی کے شوہر ہیں۔ ذرائع کے مطابق عمران خان پچھلے کچھ عرصے میں تین بار پاکپتن گئے۔ انہوں نے اپنی ہونے والی دلہن کے ساتھ دربار حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ پر حاضری بھی دی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کی ہونے والی دلہن کا نام افشاں ہے اور ان کی بھی یہ تیسری شادی ہو گی۔ افشاں کے پہلے شوہر کا نام گوہر مانیکا تھا جبکہ وہ دوسرے شوہر مصعب سے طلاق شدہ ہیں۔ ادھر کپتان کی بہنوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے تیسری شادی کا کبھی ذکر کیا نہ ہی بتایا۔ عید کے موقع پر بھی انہوں نے شادی کی بات نہیں کی۔ وہ چاہتی ہیں عمران خان جیسے بھی رہیں خوش رہیں۔ دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف نے عمران خان کی تیسری شادی کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے عمران خان نجی دورہ پر لندن میں اپنے بچوں کے ساتھ چھٹیاں گزار رہے ہیں۔ انہوں نے شادی سے متعلق تمام ذمہ داری اپنی بہنوں کو سونپ رکھی ہے جبکہ پاکپتن کی مانیکا فیملی کے ساتھ عمران خان کی روحانی وابستگی ہے۔