Thursday, April 25, 2024

کپتان سرفراز ناقص کارکردگی پر کھلاڑیوں پر چڑھ دوڑے، کھلاڑی سر جھکائے جھاڑ سنتے رہے

کپتان سرفراز ناقص کارکردگی پر کھلاڑیوں پر چڑھ دوڑے، کھلاڑی سر جھکائے جھاڑ سنتے رہے
June 17, 2019
مانچسٹر (92 نیوز) بھارت کیخلاف ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی آؤٹنگ کی ویڈیوز سامنے آنے پر شائقین تو برہم ہیں مگر کپتان سرفرازاحمد نے بھی اپنا غصہ کھلاڑیوں پر خوب نکالا ۔میچ کے بعد سرفراز احمد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں پر پھٹ پڑے۔ سرفرازگرجتے برستے رہے، کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف چپ چاپ انکی سنتا رہا، سرفراز نے دھمکی دی کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو وہ اکیلے گھر نہیں جائیں گے بلکہ کچھ لوگ اور بھی گھروں کو جائیں گے۔ سینرکرکٹ تجزیہ کار مرزااقبال بیگ کہتے ہیں سرفراز دباؤ میں ہیں ،،ٹیم میں گروہ بندیاں ہیں۔ سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس بھی ناقص کارکردگی پر برہم نظر آئے۔ کپتان سرفراز نے بھارت کیخلاف خود بھی کچھ نہ کیا ،ورلڈ کپ کے دوران اور اس سے پہلے میچز میں انکی کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔ بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شرمناک شکست کے آفٹر شاکس ابھی تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔ایک طرف پوری ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر قوم مایوس ہے تو دوسری طرف سرفراز احمد کی کپتانی پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔ فیلڈنگ، بولنگ، بیٹنگ سمیت ہر شعبے میں ناکامی اور سب سے بڑھ کر حکمت عملی  کے فقدان سے سرفراز الیون رسوا ہو کر رہ گئی ہے۔ کارکردگی سے مایوس شائقین نے کھلاڑیوں کا باہر نکلنا محال کردیا ہے۔ شائقین کسی پاکستانی کھلاڑی کو دیکھتے ہیں تو طرح طرح کے جملے کستے ہیں۔