Friday, April 19, 2024

کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں کو مانچسٹر ٹیسٹ کے دوران پانی پلاتے رہے

کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں کو مانچسٹر ٹیسٹ کے دوران پانی پلاتے رہے
August 6, 2020
 مانچسٹر (92 نیوز) سابق کپتان سرفراز احمد واٹر بوائے بن گئے۔ چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں کو مانچسٹر ٹیسٹ کے دوران پانی پلاتے رہے۔ فائنل الیون میں جگہ نہ  دے سکے تو کیا ہوا، ٹیم مینجمنٹ نے سرفرازاحمد کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا ’’منفرد‘‘ طریقہ ڈھونڈ نکالا۔ سرفراز احمد کو بارہواں کھلاڑی بنا ڈالا جہاں وہ وقفے وقفے سے کھلاڑیوں کو پانی پلانے گراؤنڈ میں آتے اور ساتھ ہی کوئی نہ کوئی ٹپ بھی دے ڈالتے۔ یہ سرفرازاحمد ہی تھے جنہوں نے شکست خوردرہ قومی ٹیم کو ایک یونٹ میں ڈھالا، 2017 میں سرفرازکی کپتانی میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا ۔ یہ سرفراز ہی تھے جن کی قیادت میں پاکستان نے مسلسل گیارہ ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام  کرکے 2018 میں ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم ہونے کا اعزازحاصل کیا۔ سرفراز احمد کے معاملے پر سوشل میڈیا صارفین  کی آرا تقسیم نظرآئی ۔ علی نےلکھا  اس میں کیا  غلط ہے ، یقین ہے سرفراز نے رضاکارانہ طور پر یہ کام اپنے ذمے لیا ہو گا۔ عمر عامر نے لکھا یہ منظر دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ۔ سینئر سیاستدان رضا ہارون نے لکھا سرفراز نے خود ہی یہ ذمہ داری لی ہو گی تاکہ کھلاڑیوں کو اپنے تجربات سے مستفید کرسکیں ، یہ ٹیم اسپرٹ کا شاندار مظاہرہ ہے۔