Thursday, April 25, 2024

کٹاس راج مندر ازخود نوٹس کیس ، زیر زمین پانی کے استعمال کا اجازت نامہ طلب

کٹاس راج مندر ازخود نوٹس کیس ، زیر زمین پانی کے استعمال کا اجازت نامہ طلب
April 23, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے کٹاس راج مندر کیس میں زیر زمین پانی کے استعمال کا اجازت نامہ مانگ لیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جنہوں نے اجازت دی انہیں چھوڑیں گے نہیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کٹاس راج مندر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے بتایا کہ انہیں رات ایک پیغام آیا کہ فیکٹری ان کی ریٹائرمنٹ کا انتظار کر رہی ہے، ہو سکتا ہے کسی نے مذاق کیا ہو، سیمنٹ فیکٹری کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ پیغام ان کی طرف سے نہیں آیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ قدرتی چشمے کا پانی استعمال کرنا غیر قانونی ہے، سی پی پیک نہ ہوتا تو ایک لمحے میں فیکٹری بند کر دیتے، فیکٹری مالکان عدالت کی پوزیشن کا استحصال کر رہے ہیں۔ کٹاس راج مندر کا تالاب خشک ہو گیا، ہر سال 7 ارب روپے کا پانی فیکٹری استعمال کرتی ہے۔ جب سے فیکٹری لگی ہے،حساب کریں تو اربوں کا پانی بن جاتا ہے۔ کیوں نہ معاملہ نیب کو بھیج دیں۔ فیکٹری سے آخری 3 سال پانی کے استعمال کی قیمت وصول کریںگے۔ عدالت نے فیکٹری سے زیر زمین پانی کے استعمال کا اجازت نامہ طلب کرتے ہوئے اجازت دینے والے افسران کو بھی طلب کر لیا جس کے بعد کیس کی مزید سماعت کل ہو گی۔