Sunday, May 12, 2024

کویت کا خطے میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف

کویت کا خطے میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف
March 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کویت نے خطے میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف کر لیا۔ پاکستان میں تیل کی تلاش کیلئے کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد نصیر المحمد نے شاہ محمود قریشی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستانی طبی ماہرین کورونا کیخلاف کویت میں اہم کردارادا کر رہے ہیں۔ پاکستان اورکویت کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں۔ کویت پر عراقی جارحیت کیخلاف پاکستان نے بھرپور ساتھ دیا۔ پاکستان کے نجی شعبے کو کویت میں خوش آمدید کہیں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستانی کمیونٹی کے لئے کویتی وزیر خارجہ کو بڑا احساس ہے۔ کویت پاکستان میں تیل کی تلاش کیے کام کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان اور کویت نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق بات کی۔ انہوں نے کہا کویت نے پاکستان سے طبی ماہرین کی خدمات لینے میں دلچسپی ظاہر کی۔

ادھر کویتی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں دو طرفہ امور اور خطہ کی صورتحال پر غور ہوا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان سے کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، کورونا اور خطے کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ کویتی وزیر خارجہ نے کویتی وزیراعظم اور امیر کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام وزیراعظم کو پہنچایا۔ کویتی وزیراعظم کا خط بھی وزیراعظم عمران خان کو دیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کویتی وزیر خارجہ سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان اور کویت کے تعلقات ثقافت، یقین پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے دونوں اطراف سے کوششوں کو سراہا۔ دونوں ممالک سفر میں آسانی اور رابطوں کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کورونا سے نمٹنے کے لیے کویتی کوششوں کی تعریف کی۔