Friday, April 19, 2024

کویت نے پاکستانیوں کیلئے فیملی اور بزنس ویزے دس سال بعد بحال کر دیئے

کویت نے پاکستانیوں کیلئے فیملی اور بزنس ویزے دس سال بعد بحال کر دیئے
May 31, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کویت نے پاکستانیوں کیلئے فیملی اور بزنس ویزے دس سال بعد بحال کر دیئے۔ 

کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح اور وزیر داخلہ شیخ رشید کی ملاقات میں پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا بحالی کا فیصلہ ہوا۔ کویت کے وزیر داخلہ اور پاکستانی سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اس موقع پر ویزا بحالی کے ساتھ ساتھ پاک کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اُمور پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں وزیر داخلہ نے کویتی وزیر اعظم کو وزیر اعظم عمران کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔ پاکستان اور کویت کے مابین فیملی اور بزنس ویزا بھی فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ میڈیکل اور پٹرولیم کے شعبہ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی آن لائن ویزا لے کر اب کویت جا سکیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ، پاکستانی خاندان اور کاروباری طبقہ کویتی ویزا کی بندش سے بے پناہ مسائل میں گھرا تھا۔ پاکستانی لیبر کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ، ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کاروباری ویزا کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔