Thursday, April 25, 2024

کوہستان ویڈیو اسکینڈل سامنے لانے والے افضل کوہستانی کو قتل کر دیا گیا

کوہستان ویڈیو اسکینڈل سامنے لانے والے افضل کوہستانی کو قتل کر دیا گیا
March 6, 2019
 ایبٹ آباد (92 نیوز) ایبٹ آباد میں کوہستان ویڈیو اسکینڈل سامنے لانے والے افضل کوہستانی کو قتل کر دیا گیا۔ فائرنگ سے دو افراد زخمی بھی ہو گئے۔ کوہستان میں 2012 میں  رقص کی موبائل ویڈیو منظر عام پر لانے والے افضل کوہستانی کو ایبٹ آباد میں نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کردیا۔ فائرنگ کے واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ موبائل فون سے بنی ویڈیو میں  کوہستان کی یونین کونسل گداز کے دو بھائیوں کو رقص کرتے جب کہ پانچ لڑکیوں کو تالیاں بجاتے دکھایا گیا تھا جس کے ان لڑکیوں اور ویڈیو میں نظر آنے والے لڑکوں کے تین بھائیوں کو بھی مبینہ طور پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ کیس میں  گرفتار چار ملزموں نے لڑکیوں کے قتل کا اعتراف کیا تھا۔ ملزموں نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے تین لڑکیوں کو قتل کرکے ان کی لاشیں نالے میں بہا دی تھیں جبکہ دو لڑکیاں ابھی تک زندہ ہیں۔ کیس کا سپریم کورٹ نے بھی نوٹس لیا تھا۔