Monday, May 13, 2024

کوہستان میں پانچ لڑکیوں کا قتل کیس ، تین ملزموں کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی

کوہستان میں پانچ لڑکیوں کا قتل کیس ، تین ملزموں کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی
September 5, 2019
 کوہستان (92 نیوز) کوہستان میں غیرت کے نام پر پانچ لڑکیوں کے قتل کیس میں عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔ تین ملزموں عمر ، صبیر اور طاہر کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ ضلع کوہستان کے گائوں غدرپلاس میں سات سال قبل لڑکوں کے رقص اور لڑکیوں کی تالیاں بجانے کی ویڈیو منظر عام پر آئی ۔ ویڈیو میں نظر آنے والی لڑکیوں کو مبینہ طور پرمقامی جرگہ کے حکم پر قتل کر دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر گزشتہ سال لڑکیوں کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا اور آٹھ ملزموں کو گرفتارکیا گیا۔ ملزموں کے خلاف ضلع شانگلہ کی ایڈیشنل سیشن جج بشام کی عدالت میں سات ماہ تک مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے تین ملزموں محمد عمر، صبیر اور طاہر کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ پانچ ملزموں کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا گیا۔ کوہستان میں ویڈیو اور لڑکیوں کے قتل کا معاملہ سامنے لانے والے افضل کوہستانی کو رواں سال مارچ میں ایبٹ آباد میں قتل کر دیا گیا تھا۔