Thursday, April 25, 2024

کوہاٹ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کا احتجاج

کوہاٹ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کا احتجاج
August 19, 2020

کوہاٹ ( 92 نیوز)خیبرپختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، پشاور کے بعد کوہاٹ  کے مختلف علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیاگیا۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے شدید صورتحال اختیار کرلی ہے ، شہریوں کے احتجاج کے باوجود بجلی کی آنکھ مچولی اورغیراعلانیہ بندش نے شدید گرمی میں زندگی اجیرن کردی۔ کوہاٹ اور دیر میں بھی بجلی لوڈشیڈنگ سے پریشان عوام سڑکوں پر نکل آئی۔

خیبرپختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی ناک میں دم کردیا ،کوہاٹ میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مختلف علاقوں کے مکین احتجاج کرتے سڑک پر نکل آئے۔ مظاہرین کا موقف ہے کہ اٹھارہ سے بیس گھنٹے بجلی بند رہتی ہے۔ شدید گرمی میں ان کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

 دیر میں بھی بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرین سڑک پر نکل آئے۔ مظاہرین نے دیر چترال سڑک ٹریفک کےلئے بند کردی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ بجلی بندش سے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

گزشتہ چند روز سے پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی غیراعلانیہ بندش اور آنکھ مچولی سے پریشان شہری سراپا احتجاج ہیں، شہریوں نے ورسک روڈ، رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ گل بہار میں پیسکو کے خلاف مظاہرے کئے۔