Sunday, May 12, 2024

کوہ سلیمان کے دامن میں گندھارا اور ٹیکسلا ادوار کی تہذیب دریافت

کوہ سلیمان کے دامن میں گندھارا اور ٹیکسلا ادوار کی تہذیب دریافت
September 9, 2020

ملتان ( 92 نیوز) محکمہ آثار قدیمہ نے کوہ سلیمان  کے دامن میں گندھارا اور ٹیکسلا ادوار کی تہذیب دریافت کرلی، کھدائی کے دوران ہزاروں سال پرانی تعمیرات نکل آئیں جبکہ نایاب اشیا بھی برآمد ہوئی ہیں۔

محکمہ آثار قدیمہ نے جنوبی پنجاب سے ایک اور صدیوں پرانی تہذیب دریافت کر لی  ، کوہ سلیمان کے دامن میں دلورائے کے مقام پر کھدائی کے دوران گندھارا اور ٹیکسلا ادوار کے آثار ملے ہیں جبکہ شیر کا مجسمہ ، مٹی کے برتن ، نایاب تختیاں ، مہریں اور مجسمے بھی برآمد ہوئے ہیں ۔

ہزاروں سال پرانی تعمیرات بھی ملی ہیں جن میں قلعہ ، واچ ٹاور ، گھر اور گلیاں شامل ہیں  ، کشن ، ساسانی اور گپتا ادوار کے سکے بھی نکالے گئے ہیں ، بعض اشیاء پر براہمن زبان میں تحریر بھی درج ہے ۔

20 ایکڑ پر مشتمل یہ سائیٹ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کی ضلعی حد بندی پر واقع ہے ، جسے 1962 میں محکمہ آثار قدیمہ نے تحویل میں لیا تھا ، اس ٹیلے کی کھدائی کے لئے اب تک ایک  کروڑ 73 لاکھ سے زائد فنڈز مل چکے ہیں ۔