Friday, April 26, 2024

کوہ سلمان  پر  موسلاھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی

کوہ سلمان  پر  موسلاھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی
August 19, 2019
راجن پور ( 92 نیوز) کوہ سلمان  پر  موسلاھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ، راجن پور کے متعدد علاقے زیر آب آگئے دادو میں کچے کے علاقے میں بھی سیکڑوں دیہات زیر آب، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ کوہ سلیمان کے پہاڑوں پر ہونےوالی مسلسل تیزبارشوں کے پانی نے سیلابی ریلے کی شکل اختیار کرلی،ندی نالوں میں طغیانی جبکہ دریائے سندھ میں پانی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے، سیلابی ریلے سے کئی دیہات زیر آب آگئے۔ درہ کاہا سلطان سے 11 ہزار اور درہ چھاچھڑ سے 21 ہزار کیوسک کا ریلہ نشیبی علاقوں میں داخل ہوا، سیلابی ریلے سے متعدد بستیاں زیر آب آگئیں، سیلاب سے متاثر علاقوں میں زمینی رابطہ منقطع جبکہ کپاس کی تیار فصلیں تباہ ہوگئیں۔ فلڈ کنٹرول حکام کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے، دریائے سندھ میں دوسرے روز بھی 4 لاکھ 35 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے،راجن پور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو، پولیس، سول ڈیفنس اور لائیواسٹاک کی ٹیمیں علاقوں میں موجودہیں۔ موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں سے آنے والے پانی نے کچے کے علاقے میں تباہی مچادی ، دادو کے سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے،کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں ۔انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین نقل مکانی کرنے لگے۔