Tuesday, April 16, 2024

کهوکهر پیلس کے قبضے ختم کروا کر 10 دن میں رپورٹ کرنے کا حکم جاری

کهوکهر پیلس کے قبضے ختم کروا کر 10 دن میں رپورٹ کرنے کا حکم جاری
January 6, 2019
لاہور (92 نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو کهوکهر پیلس سے قبضے ختم کروا کر 10 دن میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں زمینوں پر قبضوں سے متعلق کیس کی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا کهوکهر پیلس خالی کریں،سامان اٹها لیں۔ پاکستان میں یہ بدمعاشی نہیں چلنے دوں گا۔ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے قبضوں سے متعلق کیس میں ن لیگ کے ایم این اے افضل کھوکھر اور ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کی کچھائی کر دی۔ چیف جسٹس نے دوران سماعت کھوکھر برادران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا یہ جو آنکھیں جهکائے کهڑے ہیں۔ مجهے پتہ ہےانہوں نے بعد میں میرے ساتھ کیا کرنا ہے۔ ایسے لوگوں نے پاکستان کو تباہ کر دیا۔ ادھر ڈی جی اینٹی کرپشن نے کهوکهر برادران کی جائیدادوں اور کهوکهر پیلس سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ اینٹی کرپشن کی رپورٹ کے مطابق پیلس میں شامل 40 کنال سرکاری اراضی پر کهوکهر برادران نے قبضہ کر رکھا ہے۔ ایک خسرے کے 10  افراد میں سے صرف ایک کو ادائیگی کی گئی۔ کهوکهر پیلس زبردستی خریدے ہوئے مشترکہ کهاتے پر تعمیر کیا گیا۔ دوران سماعت ڈی جی اینٹی کرپشن نے چیف جسٹس کو بتایا کهوکهر برادران نے آپکی ریٹائرمنٹ تک ضمانتیں کرا رکهی ہیں۔ یہ ایسا تاثر دے رہے ہیں جیسے چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہو گا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن نے ایل ڈی اے، ریونیو اور ٹی ایم اے افسروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ کھوکھر پیلس میں سرکاری اراضی سمیت لوگوں کی زمین شامل کی گئی۔ جوہر ٹاؤن میں سیف مارکیٹ خلاف قانون بنائی گئی۔ ملتان روڈ پر تعمیر کی گئی کھوکھر مارکیٹ اور دیگر تعمیرات بھی غیر قانونی ہیں۔ سپریم کورٹ نے اینٹی کرپشن کی تمام سفارشات منظور کرتے ہوئے مقدمے کے اندراج اور قانون کے مطابق کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے۔ دوران سماعت کھوکھر برادران کے وکیل نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے استدعا کی کہ ان کے موکل بے قصور ہیں۔ قبضہ کلچر کے سبب الزام ان پر آ رہا ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ قبضے کا کلچر تو کهوکهر برادران نے متعارف کروایا۔