Saturday, April 20, 2024

کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہوئی تو قانون حرکت میں آئے گا، اعجاز شاہ

کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہوئی تو قانون حرکت میں آئے گا، اعجاز شاہ
October 31, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا یہ کوئی بنانا ری پبلک نہیں۔ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہوئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ اور معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اسلام آباد پر کئی بار یلغار ہوئی۔ قاضی حسین احمد کے احتجاج میں جانی نقصان ہوا تھا۔  2016 میں خیبر پختونخوا والوں کو اسلام آباد نہیں آنے دیا گیا۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ جولائی میں اپوزیشن نے حکومت کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا۔ 3 اکتوبر کو مولانا فضل الرحمان نے پہلی بار احتجاج کی تاریخ دی۔ وزیراعظم کے احتجاج کی اجازت دینے کے بیان سے انتشار پھیلانے والوں کے منہ بند ہو گئے۔ انہوں نے کہا دھرنا ہوگا یا احتجاج یہ مولانا کو ہی پتہ ہو گا لیکن آزادی مارچ  والوں کو عدالتوں فیصلوں کی پابندی کرنا ہو گی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم سیاسی میدان کے کھلاڑی ہیں۔ حکومت نے جمہوری روایات کے مطابق احتجاج کی اجازت دی۔ امید ظاہر کی کہ مارچ پرامن رہے گا۔ حکومت ترجمانوں کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں موجود 7 ہزار افراد پر مشتمل سفارتی عملے کی سکیورٹی کی ذمہ دار حکومت ہے۔ اسلام آباد میں دھرنے سے بیرون ملک منفی تاثر جاتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان پاکستان کے ساتھ رشتے کو کمزور نہ کریں، وہ ایسا کوئی عمل نہ کریں جس سے پاکستان کا وقار مجروح ہو۔