Sunday, May 19, 2024

کوپن ہیگن میں شاعر ظفراعوان کے پہلے پنجابی مجموعہ کلام کی تقریب رونمائی

کوپن ہیگن میں شاعر ظفراعوان کے پہلے پنجابی مجموعہ کلام کی تقریب رونمائی
August 24, 2017

کوپن ہیگن (92 نیوز) کوپن ہیگن میں بیلی ادبی و ثقافتی تنظیم کے زیر اہتمام پنجابی اور اردو کے شاعر ظفراعوان کے پہلے پنجابی مجموعہ کلام کی تقریب رونمائی اور بین الاقوامی محفل مشاعرے کا انعقاد ہوا۔

تقریب میں پاکستان کے علاوہ یورپ بھر سے شعراء، ادبی، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ یورپین ایوارڈ یافتہ عمران راجا نے نعتیہ کلام پیش کیا۔

تقریب کی نظامت کے فرائض شاعر عدیل احمد آسی نے انجام دئیے۔ کوپن ہیگن میں ریجنل اسمبلی کے رکن عباس رضوی نے ظفراعوان کی کتاب "زیویں سدھراں دی "کے متعلق اظہار خیال کیا۔ پنجاب کے ہائر ایجوکیشن کے وزیر سید رضا علی گیلانی اور کوپن ہیگن میں پاکستان ایمبیسی کے فرسٹ سیکریٹری ذین العابدین نے بھی خطاب کیا۔

اوسلو میں رہنے والے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی یافتہ شاعر و ادیب جمشید مسرور، اردو و سرائیکی کے نامور شاعرحسن عباسی ، بارسلونا سے پنجابی کے شاعر ارشد اعوان ، ڈنمارک سے بزرگ شاعر محمد اقبال اختر ،یوروپین ادبی سرکل کی صدر صدف مرزا نے بھی کتاب پر اظہار خیال کیا۔

شاعر و گلوکار سائیں رحمت علی نے  محفل میں رنگ جما دیا۔ کھانے کی پرتکلف ضیافت کے بعد محمد اقبال اختر کی زیر صدارت بین الاقوامی مشاعرے کا آغاز ہوا۔ مشاعرے کی نظامت کے فرائض  صدف مرزا نے انجام دیئے۔

مشاعرے میں عدیل آسی، طاہر عدیل ، قنبر کیانی، ظفراعوان ، کامران اقبال اعظم، صفدر علی آغا، صدف مرزا، فواد کرامت، ابو طالب ، سائیں رحمت علی، ارشد اعوان، حسن عباسی، جمشید مسرور اور اقبال اختر نے کلام پیش کرکے حاضرین محفل سے خوب داد سمیٹی۔۔ تقریب کے اختتام پر بیلی تنظیم کے صدر رمضان رفیق نے شرکاء کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔