Friday, May 17, 2024

کوٹلی میں 104 میگا واٹ پن بجلی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا‘ وزیراعظم کی عمران خان پر تنقید

کوٹلی میں 104 میگا واٹ پن بجلی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا‘ وزیراعظم کی عمران خان پر تنقید
October 15, 2015
کوٹلی (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے کوٹلی میں پن بجلی کے ایک سو چار میگاواٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دو ہزار سترہ کے آخر تک لوڈ شیڈنگ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی۔ پاکستان میں ساٹھ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں پن بجلی کے ایک سو چار میگاواٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ منصوبے کو کم وقت میں مکمل کرنا چیلنج تھا۔ منصوبے پر 33 فیصد کام ہو چکا ہے‘ چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پن بجلی کا منصو بہ 48 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ سندھ اور تھر میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے قائم کئے جائیں گے۔ بجلی آئے گی تو انڈسٹری چلنا شروع ہوگی۔ وزیراعظم نے دوہزار سترہ کے آخر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا بھی دعویٰ کردیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ سے 960 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ آزاد کشمیر کے لوگوں کو بھی ان کا حق ملنا چاہیے۔ دریں اثنا سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اڑتالیس گھنٹے بھی نہیں گزرے کہ ضمنی الیکشن کے نتیجے کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ اوکاڑہ میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوگئی۔ ٹانگیں کھینچنے کی سیاست چھوڑ کر ملکی ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے خطاب میں مزید کہا کہ قوم ایسے سیاستدانوں کو آئینہ دکھائے۔ انہیں راہ راست پر لے آئے جو صرف الزام تراشی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے اڑتالیس گھنٹے بعد ہی الزامات شروع کردیے گئے۔ تنقید کرنے والوں کا امیدوار اوکاڑہ میں اپنی ضمانت ضبط کرابیٹھا ہے۔ ضمنی الیکشن میں اوکاڑہ سے اپنا امیدوار کھڑا نہ غلطی تھی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ یہ وقت ٹا نگیں کھینچنے کی سیاست کا نہیں ملکی ترقی میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا ہے۔