Thursday, April 25, 2024

کوٹ لکھپت جیل کے قیدی نواز شریف سے ملاقات کا دن

کوٹ لکھپت جیل کے قیدی نواز شریف سے ملاقات کا دن
January 17, 2019
 لاہور (92 نیوز) کوٹ لکھپت جیل کے قیدی نواز شریف سے آج ملاقات کا دن ہے۔ فیملی ممبران اور ن لیگی رہنما ملاقات کریں گے۔ پرویز ملک، تہمینہ دولتانہ، امیرمقام، اقبال ظفر جھگڑا ودیگر رہنما کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے۔ صرف فہرست میں نام شامل ہونے والوں کو اندر جانے کی اجازت ہو گی۔ لیگی رہنماؤں سمیت حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے کارکن بھی پہنچے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کا کہنا تھا کہ بیٹ پر مہر لگانے والے آج سڑکوں پر ہے ، ہم حکومت کو گرانا نہیں چاہتے لیکن حکومت خود گر رہی ہے۔ ملاقات کیلئے آئے لیگی رہنما خواجہ حسان نے امید ظاہر کی کہ اللہ نے چاہا تو سچ  اور حق کی جیت ہو گی۔ انشااللہ بہت جلد اچھی خبر ملے گی۔ سابق شریف سے ملاقات کیلئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ، میئر لاہور کرنل ر مبشر جاوید اور دیگر رہنما بھی پہنچے ہیں ۔ نواز شریف سے ملاقات کا وقت 2 بجے تک ہے۔ قبل ازیں کوٹ لکھپت جیل کے قیدی نواز شریف سے ان کے اہل خانہ نے ملاقات کی۔ ان کی والدہ نے گلے لگایا اور جلد رہائی کی دعا دی ۔ نواز شریف نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ کھانا بھی کھایا ۔ نواز شریف سے ملاقات کیلئے آنیوالوں میں مریم نواز ، صفدر ، جنید صفدر ، حمزہ شہباز اور لیگی رہنما شامل تھے ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ نے بیٹے کا ماتھا چوما اور جلد رہائی کی دعا دی،اہل خانہ نے نواز شریف کےکمپاؤنڈ کے باہر دوپہر کا کھانا کھایا اور ان کی رہائی کیلئے حکمت عملی پر مشاورت کی۔ نواز شریف کے لئے  کھانے میں گرل فش، مکس سبزی،سلاد اور فروٹ ٹرائفل لایا گیا۔