Friday, May 17, 2024

کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی ملاقاتوں کے لئے پہنچے

کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی ملاقاتوں کے لئے پہنچے
July 4, 2019
 لاہور (92 نیوز) کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے خاندان کے افراد اور مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی ملاقاتوں کے لئے پہنچے۔ شہبازشریف، مریم نواز، مسلم لیگ ن کے سرکردہ رہنما اور کارکن نوازشریف سے ملنے کوٹ لکھپت جیل پہنچے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، کارکنوں کو روکنے کے لئے بیریئر لگائے گئے۔ کارکن نوازشریف سے ملنے کے لئے زبردستی اندر جانے کی کوشش کرتے رہے مگر پولیس نے انہیں واپس دھکیل دیا۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے میڈیا سے بات چیت میں کہا عمران خان ڈر گئے اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چالیس سے زیادہ ارکان اسمبلی اور سینیٹرز نوازشریف سے ملنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ آج سلیکٹڈ حکومت ہے ،مقابلہ کریں گے ، رانا ثنا اللہ بہادر شخص ہیں ہر مشکل کا مقابلہ کریں گے۔ خواجہ آصف نے کہا حکومت نواز شریف کا رابطہ باہر کی دنیا سے ختم کرنا چاہتی ہے۔ پرویزرشید کا میڈیا گفتگو میں کہنا تھا جن لوگوں کو قیدی کہا جارہا ہے انہیں ابھی کسی مقدمے میں سزا نہیں ہوئی ۔ رانا ثنا کو جس طریقہ سے پکڑا وہ بھی اچھا پیغام نہیں ۔ رانا تنویر بولے جمہوریت کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔ نوازشریف سے ملاقات کے بعد مریم نواز کوٹ لکھپت جیل سے واپس روانہ ہو گئیں۔