Thursday, April 25, 2024

کومبنگ آپریشنز میں غیرملکیوں سمیت سیکڑوں گرفتار، اسلحہ برآمد

کومبنگ آپریشنز میں غیرملکیوں سمیت سیکڑوں گرفتار، اسلحہ برآمد
February 27, 2017

لاہور / کراچی (92نیوز) دہشت گردی کی لہر کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، فیصل آباد، خان پور اور اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں سرچ آپریشن میں غیرملکیوں سمیت 76 افرادگرفتار، اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

خانپور کے علاقے چک70 اے میں پولیس نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے سات ارکان کو گرفتار کرلیا، ملزموں کے قبضے سے رائفلیں بندوقیں، رپیٹرز، پستول اور سکوپ گن سمیت 18 میگزین، 50 کارتوس اور سیکڑوں گولیاں برآمد کر لیں۔ پولیس کے مطابق ملزم بڑے پیمانے پر اسلحے کی خریدوفروخت کا کاروبار کرتے تھے، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

خانیوال میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کبیروالہ کے نزدیک مسافر بس سے 3 افغان باشندوں کوحراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اوچ شریف میں پولیس نےموضع اوچ بخاری میں کارروائی کے دوران دو افراد گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے کلاشنکوف اور نائن ایم ایم آٹومیٹک گن برآمد کرلی۔

چنیوٹ میں پولیس نے سٹی، بھوآنہ،چناب نگر، رجوعہ اور محمد والا میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران 255 مشکوک افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی اور 19 مشتبہ افراد کوحراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ پولیس نے تین افراد سے اسلحہ ومنشیات بھی برآمد کرلی جبکہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 16 افراد کو گرفتارکیا گیا۔

لاہور کے علاقے لٹن روڈ میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران چھ مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ آپریشن اسلامیہ پارک، بامو شاہ پارک اور باغ گل بیگم کےعلاقہ میں کیا گیا۔ فیصل آباد میں سماج دشمن عناصرکےخلاف حساس اداروں کے اہلکاروں نے پولیس کے ہمراہ عبداللہ پور میں سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران مختلف گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے متعدد مشتبہ افراد کے کوائف بھی چیک کئے اور تلاشی لی۔ اس دوران کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

ادھر کراچی کےمختلف علاقوں میں پولیس کارروائیوں میں بارہ  غیرملکیوں سمیت چالیس ملزم گرفتار، اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ملزموں میں منشیات فروش اور اسٹریٹ کریمنل بھی شامل ہیں۔