Thursday, May 9, 2024

کومبنگ آپریشنز جاری، 15غیرملکیوں سمیت سیکڑوں گرفتار

کومبنگ آپریشنز جاری، 15غیرملکیوں سمیت سیکڑوں گرفتار
February 26, 2017

لاہور / کراچی / پشاور (92نیوز) حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد ملک بھر میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف کارروائیوں میں سیکڑوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ لاہور پولیس نے ماڈل ٹاؤن ڈویژن کے کئی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران بارہ مشوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ اس دوران گھروں میں موجود خواتین کے کوائف بھی چیک کیے گئے۔

وہاڑی، بورے والا اور میلسی میں بھی پولیس نےسرچ آپریشن کیا جس کے دوران پینتالیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ آپریشن کے دوران تین سو سے زائد افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی۔ سکیورٹی اداروں نے سرگودھا کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران نو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ کشمور میں پولیس کے کومبنگ آپریشن کے دوران متعدد افراد زیرحراست ہیں۔

چنیوٹ پولیس نے بھی صدر، لنگرآنہ اور محمدوالا کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران نو مشکوک افراد کو دھر لیا جن سے تفتیش کی جائے گی۔ سرچ آپریشن کے دوران ایک سو تیس مشکوک افراد کی بائیومیٹرک تصدیق بھی کی گئی۔

ادھر پشاور میں بھی پولیس نے سرچ آپریشن میں دس مشکوک افراد سمیت اکیس افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ کرایہ کے مکانات کے لئے قانونی دستاویزات نہ رکھنےپر بھی نو افراد کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا ہے۔ گرفتار افراد سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

شہرقائد کے مختلف علاقوں میں بھی پولیس چھاپوں اور مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور 15 غیرملکی باشندوں سمیت 60 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ شاہ لطیف ٹاون میں پولیس نے کارروائی کرکے چھ غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق گرفتار افراد میں بازمیر، عبداللہ، گل احمد، نظر، مراد، جلات شامل ہیں۔ تمام افراد کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ نیوکراچی میں بھی کومبنگ آپریشن کے دوران غیرقانونی طور پر مقیم 6 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا، گلبرگ پولیس نے کومبنگ آپریشن کے دوران 3 غیرملکی باشندوں سمیت 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق زیرحراست افراد سے تفتیش جاری جبکہ غیرملکی افراد کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔