Friday, March 29, 2024

کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پشاور زلمی سے میچ کھیلنےکی خبروں کی تردید کردی

کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پشاور زلمی سے میچ کھیلنےکی خبروں کی تردید کردی
March 9, 2017
ممبئی (ویب ڈیسک)کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پشاور زلمی سے میچ کھیلنے کی خبروں کی تردید کر دی۔ فرنچائز کا کہنا ہے کہ پاکستانی میڈیا میں پشاور زلمی کو شاہ رخ خان  کی جانب سے تین میچ کھیلنے کی پیشکش کی خبریں درست نہیں۔ تفصیلات کےمطابق  کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر وضاحت کی ہے کہ  ان کا پشاور زلمی کے ساتھ میچ کھیلنے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ فرنچائز نے کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا میں پشاور زلمی کو شاہ رخ خان  کی جانب سے تین میچ کھیلنے کی پیشکش کی خبریں درست نہیں وہ کسی بھی قسم کا غیر قانونی میچ کھیلنے کے حق میں نہیں۔ اس سے پہلے پاکستانی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ بالی ووڈ سٹار شاہ رخ خان نے پشاور زلمی کو نیوٹرل وینیو پر تین میچ کھیلنے کی پیش کش کی ہے۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ شاہ رخ خان نے انہیں آئی پی ایل میں اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ لندن یا دبئی میں سے کسی نیوٹرل مقام پر تین میچ کھیلنے کی دعوت دی ہے۔