Wednesday, April 24, 2024

کوشل پریرا کی 17گیندوں پر ففٹی نے سری لنکا کو فتح دلا دی

کوشل پریرا کی 17گیندوں پر ففٹی نے سری لنکا کو فتح دلا دی
July 16, 2015
لاہور (92نیوز) سری لنکا نے پاکستان کو دوسرا ون ڈے ہرا کر پانچ ون ڈے میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر کر لی۔ میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی۔ سری لنکا میں تیز ترین نصف سنچری سے فتح کی بنیاد رکھنے والے اوپنر کوشال پریرا مین آف دی میچ قرار پائے۔ پالے کیلے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو ستاسی رنز بنائے۔ کپتان اظہر علی اناسی جبکہ شعیب ملک اور محمد رضوان نصف سنچریوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا نے جارحانہ انداز میں ہدف کا تعاقب شروع کیا اور اوپنر کوشل پریرا نے سترہ گیندوں پر نصف سنچری بنا کر میزبان ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھ دی۔ وہ پچیس گیندوں پر دو چھکوں اور تیرہ چوکوں کی مدد سے اڑسٹھ رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ سری لنکا کی طرف سے ان کی یہ تیزترین نصف سنچری ہے۔ ان کے علاوہ چندی مل نے اڑتالیس ناٹ آوٹ اور دلشان نے سینتالیس رنز کے ساتھ اننگز کو استحکام دیا۔ پاکستان کی طرف سے راحت علی نے تین،محمد حفیظ نے دو جبکہ عرفان اور انور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔