Tuesday, April 30, 2024

کورکمانڈر کراچی کی وزیراعلیٰ اور گورنر سے ملاقات ،امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

کورکمانڈر کراچی کی وزیراعلیٰ اور گورنر سے ملاقات ،امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال
August 23, 2016
کراچی(92نیوز)کورکمانڈر فائیو کور  لیفٹنینٹ جنرل نوید مختار  نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے علیحدہ علیحدہ  ملاقات کی جس میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ  کراچی آپریشن آخری شرپسند عناصر کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ کورکمانڈر کراچی   نے رینجرز ہیڈ کوارٹر کا  بھی دورہ کیا اور اشتعال انگیزی اور املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ تفصیلات کےمطابق  کورکمانڈر کراچی  لیفٹینینٹ جنرل نوید مختار  پہلے پہنچے  وزیر اعلی ہاوس ،جہاں مراد علی  شاہ سے ون ٹو ون ملاقات میں امن و امان کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔ جس کے بعد کورکمانڈر پہنچے رینجرز ہیڈ کوارٹرز جہاں کورکمانڈر کو کراچی میں جار ی آپریشن سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر کورکمانڈر نے اشتعال انگیز تقاریر  کے ذریعے پاکستان کے خلاف استعمال  کی گئی زبان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور شرپسند عناصر کی فوری گرفتاری کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے  اشتعال انگیز ی اور املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔  کورکمانڈر نے کراچی کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا   اور اس عزم کا اظہار کیا کہ  کراچی کا امن بہت قربانیوں اور عوام کی بھرپور حمایت کا نتیجہ ہے، اس امن اور ترقی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔  شہر میں امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی گئی ہے۔ جسے رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا،،طویل عرصے بعد عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے جسے تمام وسائل بروئے کار لا کر قائم رکھا جائے گا۔  کورکمانڈر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ،پاکستان رینجرز اور کراچی کے عوم قیام امن کی بحالی کے لیے متفق اور یکجاں ہیں اور کراچی آپریشن آخری شرپسند عناصر کے خاتمے تک جاری رہے گا جس کے بعد کورکمانڈر پہنچے گورنر ہاوس اور ڈاکٹر  سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات میں شہر میں جاری آپریشن اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا.