Sunday, April 28, 2024

سندھ اپیکس کمیٹی اجلاس، اسٹریٹ کرائم پر اظہار تشویش

سندھ اپیکس کمیٹی اجلاس، اسٹریٹ کرائم پر اظہار تشویش
January 2, 2017

کراچی (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں امن وامان،اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئےحکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں پبلک پراسیکوٹرز کو فعال کرنے پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کی کارکردگی کو مزیدبہتربنایاجائےگا۔مرادعلی شاہ نےکہاہےکہ دہشت گردوں کےخاتمےتک کراچی آپریشن جاری رہےگا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کےاجلاس میں چیف سیکرٹری رضوان میمن، ہوم سیکرٹری شکیل منگریو، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید بھی شریک ہوئے۔

ہوم سیکرٹری نے بریفنگ میں بتایا کہ سولہ دہشت گردوں کو فوجی عدالت سے پھانسی ہوچکی جبکہ لیگل کمیٹی نے فوجی عدالت کیلئے مزید نو مقدمات فائنل کئے ہیں، باسٹھ کالعدم تنظیموں کو فرسٹ شیڈول میں ڈالا جاچکا،اجلاس میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ 

اپیکس کمیٹی نے سندھ بھر میں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش قرار دیدی جبکہ غیر قانونی اسلحے کے خلاف کریک ڈاون کیلئے وفاق کو خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا،وزیراعلیٰ سندھ نے انسداد دہشت گردی عدالتیں سینٹرل جیل منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔ اجلاس سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ سے کورکمانڈر کراچی نے ملاقات کی۔

ادھر عدالت اور وفاق  کے احکامات  کام  کر گئے۔ اے  ڈی خواجہ لوٹ آئے۔ آئی جی سندھ نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی اجلاس میں شرکت کی۔