Friday, April 26, 2024

کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے حکومت نے پاک فوج کو طلب کرلیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے حکومت نے پاک فوج کو طلب کرلیا، ڈی جی آئی ایس پی آر
March 23, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کہتے ہیں کہ آج تمام اکابرین کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، آج 23 مارچ ہے اور ان اکابرین کے وارثین کو نیا چیلنج درپیش ہے۔ پاکستان کو کورونا کے شدید چیلنج کا سامنا ہے۔ حکومت نے پاک فوج کو طلب کرلیا ہے۔ میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک بھی کورونا وائرس کے سامنے بے بس نظر آرہے ہیں۔ ایک مرتبہ پھر یکجا ہوکر محفوظ پاکستان کیلئے قوم کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کہتے ہیں کہ پاکستان کو کورونا کے شدید چیلنج کا سامنا ہے، افواج پاکستان اپنی ذمے داریوں سے آگاہ ہیں، ان کوششوں میں تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام قسم کے شاپنگ مالز، سینما ہالز بند رہیں گے، شہروں میں ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ منڈیاں اور پٹرول پمپس صوبائی حکومتوں کے نوٹیفکیشن پر ہی کھل سکیں گے۔ میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ اصل بارڈرز انسان اور کورونا وائرس کے درمیان ہے جس پر قابو پانا ہے، موجودہ چیلنج نے ایک بار پھر ہماری قوم کو آزمایا ہے، کورونا کے خطرے پر قابو پانے کیلئے افواج پاکستان قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر بولے کہ اب تک ایک ملین سے زیادہ مسافروں کی اسکریننگ یقینی بنائی گئی۔ بہادر اور غیور قوم افواج پاکستان کیساتھ مل کر اس چیلنج پر بھی قابو پالیں گے۔ خود کو اور اپنے پیاروں کو گھروں تک محدود رکھیں تاکہ ہم اس وباء پر قابو پاسکیں، ہدایات پر عمل کر کے ہی خوف و ہراس سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ کیلئے دے دی، کورونا وائرس پر قابو پائیں گے۔ نقل و حمل کو محدود کرنا ہی کورونا سے بچاؤ ہے۔