Thursday, May 9, 2024

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام حکومتی فیصلوں کے نفاذ میں تعاون کریں، اسلم اقبال

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام حکومتی فیصلوں کے نفاذ میں تعاون کریں، اسلم اقبال
June 7, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال اپیل کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام حکومتی فیصلوں کے نفاذ میں تعاون کریں۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اپنے کیمپ آفس میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کئے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد لازم ہے، مارکیٹوں کی مانیٹر نگ جاری رہے گی، خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہو گا۔ تاجر مارکیٹوں کی دوروزہ بندش کے دوران مارکیٹوں میں اسپرے اور صفائی کا اہتمام بھی کرائیں۔ میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ لوگ مثبت رویے اپنائیں تو لاک ڈاؤن کی مشکل صورتحال سے بچا جاسکتا ہے، کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں عوام کو حکومت کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومتی اقدامات اورفیصلے عوام کی بہتری کیلئے ہیں، غیر ذمہ دارانہ رویے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں۔ احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے کے کسی صورت متحمل نہیں ہوسکتے۔ صوبائی وزیر بولے کہ کورونا وائرس کے باعث ہماری ڈوبتی معیشت طویل لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکتی، عوام اس مشکل صورتحال سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔