Wednesday, May 1, 2024

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اسلام آباد کو جزوی طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اسلام آباد کو جزوی طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا
March 25, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اسلام آباد کو جزوی طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور نجی دفاتر بند رہیں گے جبکہ پبلک دفاتر صبح 10 بجے سے 4 بجے تک کھلے رہیں گے ۔ جمعہ کے روز پبلک دفاتر کا وقت صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہو گا ۔ نوٹیفکیشن میں شہر کے اندر ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی کے ساتھ ساتھ اسپتالوں کی او پی ڈی معطل کرتے ہوئے ایمرجنسی میں کام جاری رکھنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق اس دوران میٹرو بس سروس صبح ساڑھے 8 سے ساڑھے 10 بجے اور دوپہر 3 سے ساڑھے پانچ بجے تک چلائی جائے گی ۔ البتہ مسافروں کو دوران سفر ایک نشست کا فاصلہ رکھنا ہو گا ۔