Friday, April 19, 2024

کورونا کے متاثرین کی تعداد 18 ہزار 770 جبکہ 432 انتقال کر چکے

کورونا کے متاثرین کی تعداد 18 ہزار 770 جبکہ 432 انتقال کر چکے
May 3, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان میں  کورونا کے مریضوں کی تعداد 18 ہزار  770 ہو گئی ، مزید 15 اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد 432 تک جاپہنچی، اسلام آباد ہائی کورٹ اسٹاف میں بھی کورونا کا پہلا مریض سامنے آگیا، پشاور میں کورونا کے صحت یاب مریضوں کے پلازما کے ذریعے علاج کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 18ہزار سے بڑھ گئی، بڑھتی ہوئی اموات بھی خطرے کی گھنٹی بجانے لگیں، اب تک ملک بھر میں 4700 سے زائد مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ اسٹاف میں کورونا کا پہلا مریض سامنے آگیا،رٹ برانچ میں کام کرنے والے ملازم میں وائرس کی تصدیق ہوئی،نائنٹی ٹو نیوز کے معاملہ اٹھانے پر پنجاب نے ٹیسٹ بڑھا دیئے،ایک دن میں 6 ہزار 248ٹیسٹ کئے گئے

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں کورونا کے صحت یاب مریضوں کے پلازما کے ذریعے علاج کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، کورونا سے صحت یاب دو افراد نے پلازما عطیہ کردیا، آئندہ ہفتے پلازما کے ذریعے علاج شروع ہوجائے گا

وینٹی لیٹر کی ضرورت کم کرنے کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کراچی نے" پیسیو امیونائزیشن " کا طریقہ متعارف کرایا تھا، ایچ ایم سی کے میڈیکل ڈائریکٹر شہزاد اکبر کہتے ہیں صحت یاب افرادکو خون عطیہ کرنا ہوگا۔

سندھ

سندھ میں مزید 427 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی،4مریض انتقال کر گئے، 54 کی حالت نازک ہے، اٹھارہ مریض وینٹی لیٹر پرہیں، ایمبولینس اسٹاف کے3افراد بھی کورونا کا شکار ہوگئے، وزیراعلیٰ سندھ کہتےہیں شہری وبائی مرض سے بچنے کیلئے صفائی کے اصولوں کا خیال رکھیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہ اہے ، مزید427افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی جن میں سے 376کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے، سندھ میں مریضوں کی تعداد 7102 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں4مریض انتقال کرگئے جس کےبعد جاں بحق افراد کی تعداد 122 ہوگئی، 46 مریض صحت یاب ہوگئے،صحتیاب مریضوں کی تعداد 1341ہوگئی ہے، 54 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ان میں 18 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے بتایا سندھ میں خواتین میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھنے لگی ہے، مجموعی کیسز کا 26% خواتین مریض ہیں، دس سال سے کم عمر کے 253 بچے بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔

سندھ حکومت نجی اسپتالوں پر توجہ دے رہی ہے تاہم کے ایم سی کے ماتحت 14 اسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ اور داخلے کی سہولت نہیں،سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے ایم سی ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے بےبسی کا اظہار کردیا۔

ایدھی ایمبولنس کا ایک اہلکار جبکہ امن فاؤنڈیشن کے دو اہلکار کورونا کا شکار ہوگئے جبکہ سندھ میں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ کیلئے کئی دن انتظار کرایا جارہا ہے جس سے متاثرہ مریضوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔