Sunday, May 19, 2024

کورونا کے دوران فرائض انجام دینے والی نرسیں بغیر تنخواہ کام کرنے پر مجبور

کورونا کے دوران فرائض انجام دینے والی نرسیں بغیر تنخواہ کام کرنے پر مجبور
November 25, 2020

کورونا وائرس کے خوف کے باوجود نرسوں نے اپنا کام جاری رکھا لیکن مارچ سے ابتک انھیں صرف ایک ماہ کی تنخواہ ادا کی گئیں ۔ ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے 92 نیوز کو بتایا کہ کورونا کے دوران فرائض انجام دینے والی پمز ہسپتال کی 151 نرسیں بغیر تنخواہ اور الاؤنس کے کام کرنے پر مجبور ہیں۔ پاکستان نرسنگ کونسل بھی پمز اسپتال کی نرسوں کے مسائل پر خاموش ہے۔ نرسوں کے مسائل حل کروانا پاکستان نرسنگ کونسل کی ذمہ داری ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس نے الاؤنس ادا کرنے کا حکم دیا جو بغیر کام والے افراد لے اڑے۔

 92 نیوز نے معاملہ اٹھایا اور صدر پی این سی اور رجسٹرار پی این سی  فوزیہ مشتاق سے موقف جاننے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہ ملا۔ ینگ نرسز کا کہنا ہے کہ رجسٹرار ، صدر پی این سی ، معاون خصوصی برائے صحت کی عدم توجہی کے باعث انکے الاؤنس اور تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ ناقابل یقین بنتا جا رہا ہے۔

ینگ نرسز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بار بار پاکستان نرسنگ کونسل، وزارت صحت سمیت اعلی حکام کے آگے احتجاج کیا ۔ کورونا وائرس کی جنگ میں نرسوں کی سب سے زیادہ قربانیاں ہیں ۔ اگر ہمارے الاونس اور تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔