Wednesday, April 24, 2024

کورونا کے تناظر میں اسٹیٹ بینک نے ری فنانس کا مارک اپ ریٹ 5 فیصد کر دیا

کورونا کے تناظر میں اسٹیٹ بینک نے ری فنانس کا مارک اپ ریٹ 5 فیصد کر دیا
July 8, 2020
 کراچی (92 نیوز) کورونا کے تناظر میں اسٹیٹ بینک کا بڑا اقدام سامنے آ گیا۔ ری فنانس کا مارک اپ ریٹ 7 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کر دیا۔ اسٹیٹ بینک کا کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے اقدامات کے حوالے سے آگہی اجلاس لاہور چیمبر میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت جاوید اقبال مارتھ چیف منیجر اسٹیٹ بینک لاہور نے کی ۔ صدر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیشن میں اسٹیٹ بینک کی کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے اقدامات سے متعلق مختلف قرضوں کی بحالی کی اسکیموں پر پریزنٹیشن دی گئی۔ جاوید اقبال مارتھ نے شرکاء کو ری فنانس سکیم اور روزگار اسکیم کے فوائد سے آگاہ کیا۔ جاوید اقبال مارتھ نے کہا اسٹیٹ بینک ملک میں موجودہ معاشی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک کاروباری برادری کی شکایت کے حل کے لئے ہر وقت موجود ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے دوران ترتیب دیا گیا طریقہ کار قرض حاصل کرنے میں مدد گار ہو گا۔ صدر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ کا کہنا تھا وبائی مرض کے دوران معاشی بحران سے نمٹنے کے لئے اسٹیٹ بینک کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ نان ٹیکسٹائل گروپ کے لئے لمبے عرصے کی فنانس سہولت 6 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کر دی ۔ ادھر سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ فی تولہ سونا 2400 روپے اضافے سے ایک لاکھ آٹھ ہزار تین سو  روپے کا ہو گیا۔ دس گرام سونے کی قیمت بانوے ہزار آٹھ سو پچاس روپے ہو گئی۔