Saturday, May 11, 2024

کورونا کے بڑھتے کیس، برطانیہ نے پاکستان کو ریڈلسٹ کردیا

کورونا کے بڑھتے کیس، برطانیہ نے پاکستان کو ریڈلسٹ کردیا
April 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) برطانیہ نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان کو بھی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا ہے، جس کے بعد وہ پاکستانی جن کے پاس برطانیہ میں رہائشی حقوق نہیں ہیں برطانیہ نہیں جا سکیں گے۔

پاکستانیوں کے لئے بری خبر، برطانیہ نے پاکستان پر بھی سفری پابندیاں عائد کرکے ریڈ لسٹ میں شامل کرلیا۔

کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر پابندی لگائی گئی جس کا اطلاق نو اپریل سے ہوگا۔ پاکستان سے صرف برطانوی اور آئرش شہریوں کو ملک میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ پاکستان سے برطانیہ آنے والے برطانوی شہریوں کو 10 دن قرنطینہ کرنا ہو گا۔

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر حکومتی فیصلے کی تصدیق کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کا شیڈول متاثر ہوسکتا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات پر یقین رکھنے والوں کے لیے اس خبر کا خیرمقدم نہیں کیا جائے گا۔ برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں متحدہ عرب امارات،جنوبی افریقہ، قطر، برازیل سمیت 35 ممالک پہلے ہی شامل ہیں۔