Saturday, April 20, 2024

کورونا کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن ، سبزی منڈیوں میں اشیا کی ترسیل متاثر

کورونا کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن ، سبزی منڈیوں میں اشیا کی ترسیل متاثر
March 27, 2020
 کراچی (92 نیوز) کورونا کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے۔ سبزی منڈیوں میں اشیا کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔ ٹرانسپورٹ جزوی طور پر بند ہونے سے بیوپاریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ مزدوروں کو بھی منڈی پہنچنے میں مسائل درپیش ہیں۔ ادھر کورونا وبا کے باوجود شہر شہر پھل اور سبزی منڈیوں میں خرید وفروخت عروج پر ہے۔ منڈیوں میں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ایک طرف شہری انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے میں ناکام ہے تو دوسری جانب منڈیوں میں آنے والے خریدار کورونا وائرس سے غافل ہیں۔ کراچی میں پاکستان کی سب بڑی نیوسبزی منڈی میں کرونا سے حفاظت کے انتظامات نہ مکمل ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات کے بغیر خریدوفروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ منڈی میں مزدوروں نے ماسک لگائے اور نہ ہی دستانے پہنے ہیں۔ مزدوروں کو ماسک لگانے بارے آگاہی ہی نہیں۔ حیدرآباد انتظامیہ بھی منڈی میں حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہے۔ سکھر کی سبزی منڈی میں بھی شہریوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر نہ ہونے کے برابر ہیں۔ بیوپاری اور شہری ماسک اور دستانوں کے بغیر خریدوفروخت میں مصروف ہیں۔ اسلام آباد کی سبزی منڈی میں بغیر حفاظتی اقدامات کے خرید و فروخت اور سبزی منڈی میں بغیر چیکنگ لوگوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے۔ منڈی میں ماسک اور سینٹائزر کا استعمال بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ لاہور کی سبزی منڈیوں میں بھی انتظامیہ کی جانب سے اقدامات صفر ہیں۔ سبزی منڈی میں شہریوں کی کثیر تعداد موجود ہے لیکن ماسک چند ایک افراد کے سوا کسی نے نہیں پہنا۔