Thursday, May 9, 2024

کورونا کے باعث ملک بھر میں شیڈول ، غیر شیڈول امتحانات ملتوی کرنے کی ہدایت

کورونا کے باعث ملک بھر میں شیڈول ، غیر شیڈول امتحانات ملتوی کرنے کی ہدایت
June 10, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ آ گیا۔ کورونا کے باعث ملک بھر میں شیڈول اور غیر شیڈول امتحانات فوری ملتوی کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ وزارت تعلیم نے تمام صوبائی حکومتوں کو آگاہ کر دیا۔ کچھ تعلیمی ادارے اور مدارس نے ایس او پیز کے ساتھ جون اور  جولائی میں امتحانات لینے کی درخواست کی تھی جس کے جواب میں  سیکرٹری تعلیم   نے  چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر حکومت کو خط لکھا جس میں مؤقف اپنایا کہ یہ امتحانات کے لیے موزوں وقت نہیں ہے۔ سیکرٹری تعلیم نے کہا قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں ملک بھر میں تمام امتحانات ملتوی کیے۔ صوبائی حکومتیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی امتحان نہ ہو۔ اُدھر پنجاب حکومت نے طلبہ کواگلی کلاسز میں پرموٹ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے طلبہ کی اگلی کلاسز میں پروموشن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحانات کے اگلی جماعتوں میں پروموٹ کیا جارہا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کے اس فیصلے کا اطلاق نجی او سرکاری دونوں اسکولوں پر ہو گا۔