Friday, April 26, 2024

کورونا کے باعث سندھ حکومت کا شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ

کورونا کے باعث سندھ حکومت کا شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ
March 26, 2020
کراچی (92 نیوز) کورونا وبا کے باعث سندھ حکومت نے شہریوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے صوبے بھر میں کرفیو کی تجویز دے دی۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے معاملے پر اقدامات کیلئے مشاورت شروع کر دی۔ پابندیاں سخت کرنے سے متعلق باضابطہ ویڈیو بیان جاری کیا جائے گا۔ سندھ میں مکمل لاک ڈاون کا آج چوتھا دن ہے۔ آج بھی کراچی میں تمام کاروباری اور تجارتی مراکز بند ہیں۔ دکانیں ، مارکیٹیں، شاپنگ مال، پبلک ٹرانسپورٹ سب بند ہیں لیکن نجی ٹرانسپورٹ سڑکوں پر دیکھی جارہی ہے۔ مرکزی شاہراہیں ، چوراہیں ، گلیاں اور سڑکیں آج چوتھے دن بھی خالی ہیں۔ بیکری ، میڈیکل اسٹور ، پرچون ، دودھ کی دکانیں کھلی ہیں۔ پولیس اور رینجرز گشت بھی کررہی ہیں اور جگہ جگہ ناکے لگائے ہوئے ہیں۔ انتہائی ضروری کام سے نکلنے والے شہریوں کو آگے جانے دیاجارہاہے جبکہ بلا ضرورت گھروں سےنکلنے والوں سے سختی سے نمٹا جارہا ہے۔ ادھر سندھ حکومت کا نیا حکم نامہ سامنے آگیا۔ صوبے بھر میں صبح 5 سے رات 8 بجے تک دودھ، انڈے اور پولٹری کی ترسیل کی اجازت ہو گی۔