Thursday, May 9, 2024

کورونا کے باعث دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر

کورونا کے باعث دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر
March 16, 2020

لندن ( 92 نیوز) کورونا نے کھیلوں کا حسن بھی گہنا دیا ہے ،مقابلے  منسوخ ہونے پر کرونا وائرس کے خوف میں لپٹے کھلاڑی گھروں میں دبکے بیٹھے ہیں تو کہیں کھلاڑی کرونا کے باوجود میچ ہونے پر احتجاج کررہے ہیں، باتھ میں شہری  میراتھون میں شرکت کرکے کرونا کے خوف کو ذہنوں سے نکالنے کی کوشش کرتے رہے۔

کرونا وائرس کے باوجود میچ معطل نہ کرنے پربرازیل میں کھلاڑی سراپا  احتجاج رہے  ،  برازیل میں مقامی فٹبال کلب گریمیو کے  کھلاڑیوں نے احتجاجاً منہ پر ماسک پہن کر میچ  میں شرکت کی،خالی اسٹیڈیم میں میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں  نے مطالبہ کیا تھا کہ  کرونا کے باعث چیمپئن شپ کو معطل کردینا چاہیے  ۔

کرونا وائرس کے باعث میکسیکو کار ریلی کو دو مراحل مکمل ہونے کے بعد ختم کردیا گیا،ایونٹ کے اختتام پر سباسٹین اوگرفاتح ٹھہرے،منتظمین نے کرونا کے حوالے سے سفری پابندیوں کے باعث ایونٹ کو دو مراحل کے بعد منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

 برطانوی شہر باتھ   میں کرونا وائرس ایمرجنسی  کے باوجود شہریوں نے بڑی تعداد میں میراتھون ریس میں شرکت کی،انتظامیہ کے مطابق انہیں پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کوئی انتباہ موصول نہیں ہوا ، باتھ میراتھون میں چھ ہزار دو سو مردوخواتین نے حصہ لیا۔میراتھون دیکھنے کیلئے ہزاروں تماشائی بھی موجود تھے  ۔