Friday, April 26, 2024

کورونا کے باعث دنیا بھر میں اموات 18 ہزار 907 تک جا پہنچیں

کورونا کے باعث دنیا بھر میں اموات 18 ہزار 907 تک جا پہنچیں
March 25, 2020
 روم (92 نیوز) کورونا کے باعث دنیا بھر میں اموات 18 ہزار 907 تک جا پہنچیں۔ اٹلی میں مزید 743، اسپین 680، فرانس میں 240 اموات ہوئیں۔ مہلک کورونا وائرس دنیا کے ایک سو پچانوے ممالک تک پھیل گیا۔ اٹلی میں ایک ہی روز میں مزید 743 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 6820 ہو گئی ۔ متاثرین کی کل تعداد 69 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اسپین میں بھی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں مزید 498 افراد اس جان لیوا وائرس کی بھینٹ چڑھ گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2 ہزار 800 سے زائد ہو گئی ۔ فرانس میں مزید 240 ہلاکتوں کی بعد مرنے والوں کی تعداد 1100 تک پہنچ گئی ۔ امریکا کورونا سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک بن چکا ہے جہاں سات سو کے قریب افراد ہلاک اور تقریبا پچاس ہزار متاثر ہو چکے ہیں ۔ عالمی ادارہ صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر کیسز اسی طرح بڑھتے رہے تو امریکا ’’عالمی وبا‘‘ کا نیا مرکز بن سکتا ہے۔ دوسری جانب برطانیہ میں سوا چار سو ہلاکتوں اور 8 ہزار سے زائد کورونا متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس نے 400 سے زائد افراد کی زندگی کے چراغ گل کر دئیے ۔ حکومت نے وائرس سے لڑنے کیلئے نیشنل ہیلتھ سروس میں  دو لاکھ پچاس ہزار رضا کاروں  کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیلجیئم، نیدرلینڈز، سویٹزرلینڈ، جرمنی، سویڈن، ڈنمارک، چین، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور عراق سمیت متعدد ممالک میں مزید مریض عالمی وبا کی بھینٹ چڑھ گئے جبکہ سعودی عرب اور کیبو ورڈی میں پہلی پہلی اموات کی تصدیق ہو گئی۔ سعودی عرب میں اب تک 760 سے زائد افراد موذی وبا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔