Friday, May 10, 2024

کورونا کے باعث جاں بحق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ کی نماز جنازہ ادا

کورونا کے باعث جاں بحق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ کی نماز جنازہ ادا
November 13, 2020
 پشاور (92 نیوز) کورونا کے باعث جاں بحق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ محمود خان، صوبائی وزراء و اراکین اسمبلی کی شرکت ہوئی۔ صدرمملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت سرکردہ شخصیات نے جسٹس وقار سیٹھ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ جسٹس وقار احمد سیٹھ کے انتقال پر خیبرپختونخوا حکومت، پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار آج سوگ منا رہی ہے۔ جسٹس وقار کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا، انہوں نے 1977 میں کینٹ پبلک سکول پشاور سے میٹرک جب کہ ہائیر سیکنڈری تعلیم ایف جی انٹر کالج فار بوائز سے حاصل کی۔ ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اسلامیہ کالج پشاور سے 1981  میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ وقار سیٹھ  نے ایک سال سے کم عرصہ گومل یونیورسٹی کے شعبہ وکالت میں گزارا۔ وہ اس کے بعد پشاور یونیورسٹی کے لا کالج چلے گئے اور وہاں سے 1985 میں لا کی ڈگری حاصل کی۔ 1990 میں پشاور ہائی کورٹ اور پھر 2008 میں بطور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ وکالت کا آغاز کیا۔ 2011 میں پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج کے عہدے پر فائز ہوئے۔ 28 جون 2018 جو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ بنے۔ جسٹس وقار احمد سیٹھ اس تین رکنی بینچ کے سربراہ  تھے جس نے سنگین غداری کیس میں سابق آرمی چیف و صدر مملکت پرویز مشرف کو سزائے موت سنائی تھی۔