Thursday, May 9, 2024

کورونا کے اہم شخصیات پر وار جاری ، آیت الله سید ہاشم بطحائی چل بسے

کورونا کے اہم شخصیات پر وار جاری ، آیت الله سید ہاشم بطحائی چل بسے
March 16, 2020
 تہران (92 نیوز) کورونا کے اہم شخصیات پر وار جاری ہیں۔ ایرانی مجلس خبرگان رہبری کے رکن آیت الله سید ہاشم بطحائی چل بسے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ کیٹ اوسبورن کورونا کا شکار بن گئے۔ کورونا وائرس سے پوری دنیا خوف میں مبتلا ہو گئی۔ متعدد ممالک نے سرحدیں بند کر دیں۔ فضاؤں میں اڑتے جہاز بھی کم ہونے لگے۔ قاتل وائرس نے ایران میں مزید ایک سو انتیس زندگیاں نگل لیں جن میں مجلس خبرگان رہبری کے رکن آیت الله سید ہاشم بطحائی بھی شامل ہیں۔ ایک ہزار تریپن نئے کیسز کے ساتھ متاثرین کی تعداد چودہ ہزار نو سو اکانوے ہو چکی ہے۔ خلیجی ملک بحرین اور گوئٹے مالا میں وائرس سے پہلی ہلاکتیں رپورٹ ہو گئیں۔ دبئی میں تمام سنیما گھر، بارز اور ساحلی مقامات بند کر دیئے گئے۔ کویت میں گیارہ مزید افراد میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔ یورپی ممالک اس وقت پوری طرح کورونا کے شکنجے میں آچکے ہیں۔ اٹلی میں اٹھارہ سو سے زائد اموات ریکارڈ ہو چکی ہیں۔ لاک ڈاؤنڈ سپین کی صورتحال بھی سنگین ہوتی جارہی ہے۔ جرمنی نے فرانس، آسٹریا، سوئٹزرلینڈ اور لکسمبرگ کے ساتھ ملحقہ سرحدیں بند کر دیں۔ برطانیہ کی خاتون رکن پارلیمنٹ کیٹ اوسبورن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کا اعلان انھوں نے ٹویٹ کرکے کیا۔ ملک میں متاثرین کی تعداد چودہ سو تک پہنچ گئی ہے۔ تھائی لینڈ کے آرمی ویلفیئر چیف بھی کورونا کا شکار بن گئے جنہیں ساٹھ فوجی افسران سمیت قرنطینہ کردیا گیا۔ نیوزی لینڈ میں بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔ آسٹریلیا میں پچھہتر نئے کیسز سامنے آگئے۔ امریکا میں بھی صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے جہاں ایک ہی روز میں مزید ایک سو چار افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ نیویارک اور لاس اینجلس میں تمام سینما، نائٹ کلبز اور ریستوران بند کر دیئے گئے۔